چلدییے عبد الوحید
نتیجئہ فکر: فریدی صدیقی مصباحی
اخلاق و مروت کے گلستاں، علم وفن کے پیکر ،، مفتئ اعظم
بُندیل
وصال 4 جولائ 2020ع 11 ذیقعدہ 1441ھج بروز جمعہ
======
چلدییے ہم سے بچھڑ کر ناگہاں عبد الوحید
ڈھونڈتی ہے چشمِ عالَم ، ہیں کہاں عبد الوحید
صَدمۂ جانکاہ سے جامِ شہادت کرکے نوش
بزمِ دنیا سے چلے، باغِ جناں عبد الوحید
خوشنما چہرہ، بڑا ہی دلنشیں رنگِ حیات
اسوۂ سرکار کے اک ترجماں عبد الوحید
مسکراتے تو تبسم کرتا تھا سارا وجود
خوش مزاجی کے حسیں اک گلستاں عبد الوحید
بے کہے سب کچھ بیاں کرنے کا جوہر بے مثال
تھے سجائے بولتی خاموشیاں عبد الوحید
عالمانہ شان تھی اُس سیرت و کردار میں
سنیت کے ایک مَہرِ ضوفشاں عبد الوحید
مقصدِ ہستی، فروغِ علمِ قرآن و حدیث
خدمتِ اسلام کے زندہ نشاں عبد الوحید
اب بھی اُن کی پاسبانی میں ہے یہ باغِ ہنر
گلشنِ برکات کے روحِ رواں عبد الوحید
دیتا ہے یہ جامعہ اُن کے کمالوں کا سُراغ
دے گئے اِس کو بڑی رعنائیاں عبد الوحید
حافظ ملت کے چرخِ فیض کے ماہِ مبیں
ڈوب کر بھی ہیں زمانے پر عیاں عبد الوحید
ہوگیا جن سے منور خطۂ بُندیل کھنڈ
رہبری کے ایسے روشن سائباں عبد الوحید
مجھکو بھی حاصل ہوا اُن سے تلمذ کا شَرَف
سب پہ تھے بیحد شفیق و مہرباں عبد الوحید
اُن کی تربت پر سدا ہو ابرِ رحمت کا نزول
پائیں بخشش کی بہارِ جاوداں عبد الوحید
اے فریدی اُن پہ نازاں ہے زمیں جالَون کی
فکر و فن کے ہیں وہ لعلِ بیکراں عبد الوحید
=======
از فریدی صدیقی مصباحی بارہ بنکوی، مسقط عمان
+96899633908
0 تبصرے
شکریہ ہم تک پہنچ نے کے لیے